خدا کی بادشاہت کیا ہے؟
آپ کے خیال میں . . .
کیا یہ ہمارے دلوں میں ہے؟
کیا یہ جنت کا دوسرا نام ہے؟
کیا یہ ایک آسمانی حکومت ہے؟
پاک کلام کا جواب
”خدا ایک ایسی بادشاہت قائم کرے گا جو کبھی تباہ نہیں ہوگی۔“—دانیایل 2:44، کتابِمُقدس کا نیا اُردو ترجمہ۔
”ہم کو ایک بیٹا بخشا گیا اور سلطنت اُس کے کندھے پر ہوگی۔“—یسعیاہ 9:6، ریوائزڈ ورشن کا ترجمہ۔
اِس جواب کا آپ کی زندگی پر اثر
خدا کی حکومت آپ کو ذاتی طور پر فائدہ پہنچا سکتی ہے۔—یسعیاہ 48:17، 18۔
مستقبل میں آپ دُکھدرد سے پاک زندگی گزار سکیں گے۔—مکاشفہ 21:3، 4۔
آپ پاک کلام کے جواب پر یقین کیوں رکھ سکتے ہیں؟
اِس کی کم سے کم دو وجوہات ہیں:
یسوع مسیح نے ظاہر کِیا کہ خدا کی بادشاہت کیا کرے گی۔ اُنہوں نے اپنے پیروکاروں کو سکھایا کہ وہ دُعا کریں کہ خدا کی بادشاہت آئے اور خدا کی مرضی زمین پر پوری ہو۔ (متی 6:9، 10) یسوع مسیح نے اپنے کاموں سے ظاہر کِیا کہ جب یہ دُعا پوری ہوگی تو لوگوں کو کیا فائدے ہوں گے۔
جب یسوع مسیح زمین پر تھے تو اُنہوں نے ہزاروں لوگوں کو کھانا کھلایا، بیماروں کو ٹھیک کِیا اور مُردوں کو زندہ کِیا۔ (متی 15:29-38؛ یوحنا 11:38-44) اِس طرح اُنہوں نے ظاہر کِیا کہ وہ خدا کی بادشاہت کے بادشاہ بن کر اپنی رعایا کی زندگی خوشیوں سے بھر دیں گے۔—مکاشفہ 11:15۔
دُنیا کے حالات سے ثابت ہوتا ہے کہ خدا کی بادشاہت بہت جلد زمین پر حکمرانی شروع کرے گی۔ یسوع مسیح نے پیشگوئی کی تھی کہ خدا کی بادشاہت کے آنے سے پہلے زمین پر بہت زیادہ جنگیں ہوں گی، قحط پڑیں گے اور زلزلے آئیں گے۔—متی 24:3، 7۔
آج ہم اپنی آنکھوں سے زمین پر ایسے حالات دیکھ رہے ہیں۔ اِس لیے ہم یقین رکھ سکتے ہیں کہ خدا کی بادشاہت بہت جلد تمام مسائل کو حل کر دے گی۔